تحریک انصاف کے روپوش رہنما مراد سعید بھی عام انتخابات سے دستبردار ہو گئے۔ پشاور ہائیکورٹ میں کاغذات نامزدگی کیخلاف دائر درخواست کی سماعت کے دوران مراد سعید کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ انہوں نے ٹکٹ واپس کیا ہے۔ پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس اشتیاق ابراہیم، جسٹس اعجاز انور اور جسٹس صاحبزادہ اسداللہ پرمشتمل بینچ نے پی ٹی آئی رہنما کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کیخلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ آج سماعت کے دوران پی ٹی آئی رہنما کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار نے ٹکٹ واپس کر دیا ہے ، وہ انتخابات میں حصہ نہیں لے رہے۔ عدالت نے درخواست واپس لیے جانے کی بناء پر نمٹا دی۔






