تہران(نیوزڈیسک)ایران کی تینوں مسلح افواج کے کمانڈر انچیف جنرل یحیی صفوی نے کہا کہ آج ہم 80 فیصد سے زیادہ دفاعی سازوسامان اندرون ملک تیار کرتے ہیں دنیا کے22 ملکوں نے ایرانی ڈرون خریدنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ایرانی خبررساں ادارے کے مطابق مسلح افواج کی امام حسین(ع) یونیورسٹی میں ہونے والی ایک دفاعی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل یحیی صفوی نے کہا کہ ایران میں انقلاب سے پہلے تقریبا 80 فیصد دفاعی سازوسامان کا بندوبست بیرون ملک سے کیا جاتا تھا
جبکہ آج ہم 80 فیصد سے زیادہ دفاعی سازوسامان اندرون ملک تیار کر رہے ہیں اسلامی انقلاب کبیر اور دفاع مقدس کے دو عظیم واقعات نے ایران، خطے اور دنیا کی تاریخ بدل کر رکھ دی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے اور طاقت کے ستونوں میں تبدیلی شروع ہو چکی ہے آج ہم نئی ٹیکنالوجیز، دولت، طاقت اور عالمی نظام میں کسی نہ کسی قسم کی زبردست تبدیلیوں کا مشاہدہ کر رہے ہیں جو تمام ممالک کے تمام لوگوں کو گہرے طور پر متاثر کریں گی۔






