لاہور:نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی اے) نے معروف یوٹیوبر ڈِکی بھائی کو لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کر لیا۔
ترجمان این سی سی اے کے مطابق، ڈکی بھائی کا نام پہلے ہی پی این آئی فہرست میں شامل تھا اور ان کے خلاف ایجنسی میں تحقیقات جاری تھیں۔ ترجمان نے بتایا کہ ڈکی بھائی کو متعدد بار تفتیش کے لیے طلب کیا گیا لیکن وہ بار بار پیش نہیں ہو رہے تھے، جس کے بعد ان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔
ذرائع کے مطابق، یوٹیوبر پر سائبر کرائم ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت الزامات عائد ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان کے خلاف شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔
این سی سی اے نے واضح کیا کہ کسی بھی شخص کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جا سکتا، چاہے وہ سوشل میڈیا پر کتنا ہی مقبول کیوں نہ ہو۔ ادارے نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا کے غلط استعمال اور سائبر قوانین کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی جاری رہے گی۔






