عالمی شہرت یافتہ پاکستانی اداکارہ صبا قمر صحتیاب ہونے کے بعد دوبارہ کام پر لوٹ آئی ہیں۔
اداکارہ نے شوٹنگ کے دوران طبیعت خراب ہونے کے واقعے کے دو ہفتے بعد اپنی واپسی کا اعلان سوشل میڈیا پر کیا۔ صبا قمر نے اپنے پیغام میں بتایا کہ آج اُن کا شوٹنگ کا پہلا دن ہے اور وہ اپنے نئے پروجیکٹ کے لیے بے حد پُرجوش ہیں، تاہم انہوں نے پروجیکٹ کے حوالے سے مزید تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔

صبا قمر نے یہ بھی کہا کہ اگرچہ وہ ابھی مکمل طور پر صحت مند نہیں ہوئیں، لیکن اُن کی طبیعت میں بتدریج بہتری آ رہی ہے۔
یاد رہے کہ یکم اگست کو ڈرامہ ’پامال‘ کی شوٹنگ کے دوران اُنہیں دمہ کے باعث طبیعت بگڑنے پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں فوری طبی امداد دی گئی۔





