اسلام آباد: پاک فضائیہ نے قدرتی آفات کے دوران قوم کی مدد کرنے کی اپنی روایت برقرار رکھتے ہوئے خیبر پختونخوا کے سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں بھرپور تعاون فراہم کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ایک غیر سرکاری تنظیم کا فراہم کردہ 48 ٹن امدادی سامان بوئنگ 737 طیارے کے ذریعے کراچی سے پشاور منتقل کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ ایئر برج قائم کر کے پاک فضائیہ نے ہنگامی بنیادوں پر اشد ضرورت کے سامان کی بروقت ترسیل کو یقینی بنایا۔ یہ امدادی سامان بونیر اور شانگلہ کے سیلاب زدہ اضلاع میں متاثرہ خاندانوں تک این ڈی ایم اے کے تعاون سے پہنچایا جائے گا، جس میں خشک راشن شامل ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ انسانی ہمدردی پر مبنی مشن پاک فضائیہ کے عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ ملکی فضائی سرحدوں کے دفاع کے ساتھ ساتھ ہم وطنوں کی مدد میں بھی ہمیشہ ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔






