لاہور: اندرون شہر لاہور میں گزشتہ تین دنوں کے دوران شدید بارشوں کے باعث پانچ مکانات منہدم ہو گئے، تاہم کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے بروقت اقدامات کی بدولت خطرناک عمارتوں کے مکین پہلے ہی محفوظ مقامات پر منتقل کیے جا چکے تھے۔
والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی نے ملبہ ہٹا کر آمد و رفت کو بحال کیا تاکہ شہریوں کو کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر بلڈنگ کنٹرول علی اسلام گل نے بتایا کہ خطرناک مکانات کو پہلے ہی نوٹسز جاری کیے گئے تھے۔
ڈائریکٹر جنرل ملیحہ رشید نے کہا کہ عوامی تحفظ اولین ترجیح ہے اور اتھارٹی مسلسل صورتحال کی نگرانی کر رہی ہے۔ والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے مطابق مون سون سیزن میں کسی نقصان سے بچاؤ کے لیے سروے، مکانات کی انخلا مہم اور نگرانی کا عمل جاری رہے گا۔






