لاہور: پنجاب میں سیلابی صورتحال سے متعلق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی تازہ رپورٹ جاری ہوگئی۔
رپورٹ کے مطابق دریائے راوی، ستلج اور چناب میں آنے والے سیلاب کے باعث مختلف حادثات میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 100 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ صوبے بھر میں 45 لاکھ 70 ہزار افراد اور 4700 سے زائد موضع جات متاثر ہوئے ہیں۔
ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں سے 25 لاکھ 12 ہزار شہریوں اور 20 لاکھ 19 ہزار جانوروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ امدادی کارروائیوں کے تحت 392 ریلیف کیمپس، 493 میڈیکل کیمپس اور 422 ویٹرنری کیمپس قائم کیے گئے ہیں۔
ڈیمز کی صورتحال کے حوالے سے بتایا گیا کہ تربیلا ڈیم 100 فیصد جبکہ منگلا ڈیم 93 فیصد تک بھر چکا ہے۔ بھارتی ریاستوں میں دریائے ستلج پر قائم بھاکڑا ڈیم 88 فیصد، پونگ ڈیم 94 فیصد اور تھین ڈیم 89 فیصد تک بھر چکے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجند کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے، جہاں پانی کا بہاؤ 5 لاکھ 75 ہزار کیوسک ہے۔ ہیڈ محمد والا پر پانی کا بہاؤ 410.5 فٹ جبکہ شیر شاہ برج پر 392.7 فٹ تک پہنچ گیا ہے، تاہم آئندہ 48 گھنٹوں میں ان دونوں مقامات پر پانی کی سطح میں کمی متوقع ہے۔
مزید بتایا گیا کہ دریائے راوی میں ہیڈ سدھنائی پر درمیانے درجے اور دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا اور سلیمانکی کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ حکام کے مطابق بالائی علاقوں میں بارش رک جانے کے بعد دریاؤں کے بہاؤ میں بہتری آرہی ہے۔






