وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ حکومت سندھ نے سیلاب سے متعلق مکمل تیاری کر رکھی ہے اور تمام بیراجوں کو بچانا ترجیح ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بلاول بھٹو نے گڈو اور سکھر بیراج کا جائزہ لیا اور وفاق سے زرعی ایمرجنسی کی اپیل کی جس پر وزیراعظم نے زرعی و موسمیاتی ایمرجنسی نافذ کی۔
ان کا کہنا تھا کہ گڈو بیراج پر پانی کی آمد 6 لاکھ کیوسک سے زائد ہے جبکہ اندازہ ہے ساڑھے 6 سے 7 لاکھ کیوسک کا ریلا سکھر بیراج سے گزر سکتا ہے۔ مراد علی شاہ کے مطابق کشمور میں 30 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے اور میڈیکل کیمپس فعال ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ موجودہ ریلا بند سے نیچے ہے، کچے کے عوام آزمائش کے باوجود حوصلہ دکھا رہے ہیں۔ مزید ریلوں کا امکان کم ہے لیکن ہر سال دریا کی موومنٹ بدلنے سے نقصان کا خدشہ رہتا ہے۔





