لاہور: بھارت کے خلاف میچ میں میچ ریفری کے رویے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے آئی سی سی کو واضح پیغام دیا ہے کہ ریفری تبدیل نہ کیا گیا تو پاکستان ایشیا کپ میں مزید کوئی میچ نہیں کھیلے گا۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے اس معاملے پر ایشیا کپ کے ٹورنامنٹ ڈائریکٹر کو بھی آگاہ کر دیا ہے جبکہ آئی سی سی کو تفصیلی خط لکھا گیا ہے۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بتایا کہ میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے کھیل کی اسپرٹ اور آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی، جس پر باضابطہ شکایت درج کرا دی گئی ہے۔
پی سی بی نے ایشیا کپ سے ریفری کو فوری طور پر ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ اس رویے نے کھیل کے تاثر کو نقصان پہنچایا ہے۔
دوسری جانب سابق ٹیسٹ کرکٹر توفیق عمر نے بھارتی ٹیم کو اسپورٹس مین شپ کا مظاہرہ کرنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ بھارت نے کرکٹ میں گھٹیا حرکت کی ہے، جبکہ کرکٹر محمد عرفان نے کہا کہ بھارت کو کھیل میں سیاست نہیں لانی چاہئے، آئی سی سی کو فوری ایکشن لینا ہوگا۔
خیال رہے کہ پاکستان اور بھارت کے میچ سے قبل ٹاس کے وقت میچ ریفری نے دونوں کپتانوں کو ٹاس کے بعد مصافحہ کرنے سے روک دیا تھا جس پر پاکستان ٹیم منیجر نوید اکرم چیمہ نے سخت ردعمل دیا تھا۔





