اسلام آباد: وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے الزام لگایا کہ پی ٹی آئی ہمیشہ سے ٹی ٹی پی کو خوش کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور دہشتگردوں کے مؤقف کی تائید کرتی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور خیبرپختونخوا حکومت کو کٹہرے میں لانے کا وقت قریب ہے۔
پریس کانفرنس میں ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں 90 ہزار پاکستانی شہید ہوئے، مگر پی ٹی آئی نے اپنے دور میں 40 ہزار لوگوں کو یہاں بسایا اور ہمیشہ ٹی ٹی پی کے مؤقف کی حمایت کی۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کے واقعات بڑھ رہے ہیں، مگر بنوں میں شہید ہونے والے جوانوں کی نماز جنازہ میں کوئی پی ٹی آئی رہنما شریک نہیں ہوا۔ صوبائی حکومت اپنی پالیسی سے دہشتگردی کے خلاف اقدامات کو ڈی ریل کر رہی ہے۔
بیرسٹر عقیل ملک نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے اندر گروپ بندی واضح ہے، پارٹی فیصلے غلط ہو رہے ہیں اور عوام سمجھنے لگے ہیں کہ شاید پی ٹی آئی دہشتگردوں کی پشت پناہی کر رہی ہے۔





