عسکری و سول تنصیبات پر حملے ریاست سے جنگ کرنے کے مترادف ہیں،وزیردفاع

0
163

اسلام آباد(طلوع نیوز) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہاہے کہ سیاسی اختلافات کا مطلب یہ نہیں کہ سرکاری و عوامی املاک پر حملے کئے جائیں،یہ حملے ریاست پاکستان سے جنگ کر نے کے مترادف ہیں،پاکستان میں سیاسی بحران ضرورہے لیکن جلد قابو پالیں گے ،الیکشن اکتوبر میں اپنے وقت پر ہوں گے۔

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے عالمی نشریاتی ادارے ”الجزیرہ“ سے گفتگو میں کہا ہے کہ 9 مئی کو راولپنڈی، میانوالی، لاہور میں پی ٹی آئی کے مسلح جتھوں نے عسکری تنصیبات پر حملے کئے، پاکستان میں اس سے پہلے بھی گرفتاریاں ہوتی رہی ہیں، میں بھی گرفتار ہوا تھا، میرا لیڈر اور میری سیاسی پارٹی کے کئی لوگ گرفتار ہوئے لیکن ہم نے کبھی تشدد کی سیاست نہیں کی ۔

وزیر دفاع نے کہا کہ ہم نے گرفتاریوں پر کبھی عسکری و سول تنصیبات پر حملے نہیں کئے، عسکری و سول تنصیبات پر حملے کرنے والے ملک دشمن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے شرپسندوں نے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت عسکری تنصیبات سمیت عوامی و سرکاری املاک پر حملے کئے، ایسا عمل پاکستان کے خلاف جنگ کے مترادف ہے۔

خواجہ محمد آصف کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے عسکری تنصیبات، ملٹری بیسز اور عسکری شخصیات کی رہائش گاہوں پر حملے کئے ان کے ٹرائل آئین میں دیئے گئے طریقہ کار کے مطابق ملٹری کورٹس کے تحت ہوں گے، ہم نئی عدالتیں اور نئے قوانین نہیں بنا رہے، پہلے سے قوانین موجود ہیں، ایسے ملزمان کے پاس ہائی کورٹس اور پھر سپریم کورٹ میں اپیل کا حق ہوگا۔

وزیردفاع کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں سیاسی بحران ضرور ہے لیکن بہت جلد اس پر قابو پا لیا جائے گا، شہروں میں امن بحال ہو چکا ہے آئندہ چند دنوں میں حالات معمول پر ہوں گے۔انتخابات سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ الیکشن اکتوبر میں اپنے وقت پر ہوں گے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا