ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان نے بنگلادیش کو 11 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔ دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنائے۔ محمد حارث 31 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ محمد نواز نے 25 اور کپتان سلمان آغا و شاہین شاہ آفریدی نے 19،19 رنز اسکور کیے۔ صائم ایوب ایک بار پھر صفر پر آؤٹ ہوئے اور کیریئر میں نویں مرتبہ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ کر شاہد آفریدی کا ریکارڈ پیچھے چھوڑ دیا۔
ہدف کے تعاقب میں بنگلادیش کی ٹیم 9 وکٹوں پر 124 رنز تک محدود رہی۔ شمیم حسین 30 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، جبکہ دیگر بیٹرز نمایاں کارکردگی نہ دکھا سکے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف نے 3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ایشیا کپ 2025 کا فائنل 28 ستمبر کو دبئی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا۔






