ممبئی: بھارتی پولیس نے معروف صنعتکار اور بانیٔ پاکستان محمد علی جناح کے نواسے نسلی واڈیا اور ان کے اہلخانہ کے خلاف جعلسازی کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 81 سالہ نسلی واڈیا پر الزام ہے کہ انہوں نے 2010 میں عدالت میں جعلی دستاویزات جمع کرائی تھیں۔ معاملہ ایک پلاٹ پر تعمیرات کے معاہدے سے جڑا ہے جو 30 سال قبل واڈیا، فیرانی ہوٹل اور ایک بلڈر کے درمیان طے پایا تھا، جس کے تحت واڈیا کو 12 فیصد منافع ملنا تھا۔
معاہدے کی خلاف ورزی پر کیس سپریم کورٹ تک پہنچا، تاہم اب 2025 میں فیرانی ہوٹل کے نمائندے نے الزام لگایا ہے کہ نسلی واڈیا نے مقدمے کے دوران جعلی کاغذات جمع کرائے۔ مقامی عدالت نے واڈیا اور ان کے اہلخانہ کے 7 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔






