پشاور: خیبرپختونخوا بار کونسل کی کال پر صوبے بھر کے وکلاء آج عدالتوں میں پیش نہیں ہو رہے۔ پشاور ہائی کورٹ سمیت ضلعی عدالتوں میں بھی عدالتی بائیکاٹ جاری ہے۔
وکلاء کا کہنا ہے کہ صوبے میں وکلاء کے قتل اور پولیس تشدد کے واقعات میں ملوث عناصر تاحال گرفتار نہیں کیے گئے، جبکہ چارسدہ میں نوجوان وکیل کے قتل میں نامزد ایس ایچ او کے خلاف بھی کوئی کارروائی عمل میں نہیں آئی۔
صدر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن، امین الرحمٰن یوسفزئی نے کہا کہ آئی جی پولیس نے دو دن کی ڈیڈ لائن دی ہے کہ وکلاء کے قتل میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور محکمے میں موجود کالی بھیڑوں کو نکالا جائے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر دو دن میں عملی اقدامات نہ کیے گئے تو وکلاء برادری آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کرے گی۔






