پشاور: ہائی کورٹ نے پیکا ایکٹ کے تحت صحافیوں کو جاری ہونے والے نوٹسز معطل کرتے ہوئے نیشنل سائبر کرائم کے حکام اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر دیے۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس اعجاز انور اور جسٹس خورشید اقبال پر مشتمل بنچ نے درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے قرار دیا کہ صحافیوں کو دیے گئے نوٹسز غیر واضح ہیں اور ان میں جرم کی نوعیت بیان نہیں کی گئی۔
وکیل درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ صحافیوں کو ایف آئی اے سائبر کرائم نے نوٹس جاری کیے، مگر ان میں یہ وضاحت موجود نہیں کہ کس بنیاد پر طلب کیا جا رہا ہے۔
عدالت نے نوٹسز معطل کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر فریقین سے جواب طلب کر لیا۔ وکیل نے یہ بھی بتایا کہ پشاور ہائی کورٹ اس سے پہلے بھی اسی نوعیت کے نوٹسز معطل کر چکی ہے اور اس حوالے سے عدالتی احکامات ریکارڈ پر موجود ہیں۔






