اگلا بجٹ ایف بی آر نہیں بنائے گا، وزیر خزانہ

0
139

اسلام آباد: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ اگلا بجٹ ایف بی آر نہیں بنائے گا، بلکہ بجٹ وزارت خزانہ کے تحت قائم ہونے والے ٹیکس پالیسی بورڈ کی ذمہ داری ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایف بی آر اب صرف ٹیکس کلیکشن پر توجہ دے گا اور پالیسی سازی میں شامل نہیں ہوگا۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں وزیر خزانہ نے بتایا کہ ٹیکس پالیسی بورڈ اقتصادی ویلیو کے تحت بجٹ سازی میں مشاورت کرے گا اور اس کے اوپر ایک ایڈوائزری بورڈ بھی قائم کیا جائے گا، جس میں نجی شعبے کے ماہرین بھی شامل ہوں گے۔ ایڈوائزری بورڈ کا کردار بائنڈنگ نہیں ہوگا لیکن مشاورت کو ممکن بنایا جائے گا۔

اجلاس میں وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان نے حال ہی میں پانچ سو ملین ڈالر کے یوروبونڈ کی ادائیگی بروقت کی ہے، جس سے مالی استحکام کی عکاسی ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نومبر کے آخر تک افتتاحی پانڈا بونڈ بھی جاری کیا جائے گا اور یہ کام پہلے ہی ہونا چاہیے تھا۔

وزیر خزانہ نے بتایا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات مثبت انداز میں جاری ہیں اور پیشگی اقدامات اور اسٹرکچرل بینچ مارکس پر بات چیت ہو رہی ہے، تاہم ابھی اس حوالے سے کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔

اجلاس میں رکن کمیٹی سینٹر فاروق ایچ نائیک نے ورچوئل ایسٹ بل کے حوالے سے کہا کہ قانون ایسا بنایا جائے جو معیشت کو فروغ دے اور عوام میں خوف و ہراس پیدا نہ کرے۔ وزیر خزانہ نے اس پر اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ قانون کو سادہ اور عوام دوست بنایا جائے گا۔

رکن کمیٹی سینٹر دلاور نے تمباکو کی بمپر فصل کے باوجود خریداری نہ ہونے کا مسئلہ اٹھایا، جس پر وزیر خزانہ نے کہا کہ تمام شعبوں میں شفاف اقدامات کیے جائیں گے اور غلطیوں کی نشاندہی کی صورت میں فوری حل کیا جائے گا۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا