بابا گرو نانک کے جنم دن کی تقریبات، ننکانہ صاحب میں تیاریوں کا آغاز

0
184

سکھ برادری کے روحانی پیشوا بابا گرو نانک کے جنم دن کی تقریبات کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ مرکزی تقریب 5 نومبر کو گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں منعقد ہو گی جہاں پاکستان سمیت دنیا بھر سے یاتری شرکت کریں گے۔

اس حوالے سے متروکہ وقف املاک بورڈ کے زیر اہتمام اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس کی صدارت ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق نے کی جبکہ چیئرمین بورڈ ڈاکٹر ساجد محمود چوہان نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

اجلاس میں پولیس، رینجرز، کسٹمز، امیگریشن، واپڈا اور ضلعی انتظامیہ سمیت متعلقہ اداروں کے نمائندے شریک ہوئے۔ اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ یاتریوں کو سیکورٹی، رہائش، سفری سہولیات اور طبی امداد کی فراہمی کے لیے جامع منصوبہ بندی مکمل کر لی گئی ہے۔

پاکستان نے بھارتی سکھ یاتریوں کو بھی تقریبات میں شرکت کی دعوت دی تھی تاہم بھارت کی وزارت خارجہ نے 22 اگست 2025 کو اعلان کیا تھا کہ وہ اپنے شہریوں کو پاکستان نہیں بھیجے گی۔ اس کے باوجود پاکستان نے واضح کیا ہے کہ دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتریوں کو خوش آمدید کہا جائے گا اور ان کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔

ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق نے اجلاس کو بتایا کہ یاتریوں کی سہولت کے لیے نئی بسیں فراہم کی جائیں گی جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں، واک تھرو گیٹس اور اضافی نفری کے ذریعے سکیورٹی کے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہا ہے۔ واپڈا نے لوڈشیڈنگ کم رکھنے کی یقین دہانی کرائی ہے اور ہنگامی صورتحال میں جنریٹرز فراہم ہوں گے۔

سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ فرید اقبال نے اجلاس میں ہدایت کی کہ تمام ادارے یاتریوں کی آمد و رفت اور قیام کے حوالے سے اپنے انتظامات مقررہ وقت پر مکمل کریں تاکہ یہ مذہبی تقریب محفوظ اور شایانِ شان انداز میں منعقد ہو۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا