چین کا مستقبل تابناک ہے، پاکستان اور چین کی دوستی آہنی رشتہ ہے،صدر آصف علی زرداری

0
205

اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ چین کا مستقبل تابناک ہے اور پورا مشرق اس کے ساتھ مل کر ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔

چین کے سرکاری ٹی وی کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ چین کے عوام کی بے پناہ محبت انہیں بار بار یہاں لے آتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اپنے حالیہ دورے کے دوران ہر شہر میں عوام کی اپنائیت اور خلوص نے دل جیت لیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ محبت سے بڑھ کر انسان کے دل کو فتح کرنے کا کوئی طریقہ نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اب تک 16 سے 17 بار چین کا دورہ کرچکے ہیں اور ہر بار انہیں وہی اپنائیت اور خلوص محسوس ہوا۔ ان کے مطابق چین گزشتہ 14 برسوں میں نمایاں طور پر بدل چکا ہے اور اس کی ترقی دیکھ کر خوشی ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی کئی دہائیوں پر محیط ہے، دونوں ممالک کے تعلقات انتہائی گہرے ہیں اور ہم ہر حال میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں۔ صدر زرداری نے کہا کہ گوادر بندرگاہ دونوں ممالک کو جوڑنے والی اہم کڑی ہے اور سی پیک کی ترقی سے پورا خطہ مستفید ہوگا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ چین کی معیشت مضبوط اور عوام خوشحال ہیں، یہی وجہ ہے کہ چین کا مستقبل روشن ہے۔ اب دنیا کو جنگوں کے بجائے معاشی امن اور ترقی پر سوچنا ہوگا۔ انہوں نے زور دیا کہ سب ممالک ایک دوسرے کی خودمختاری کا احترام کریں کیونکہ ترقی کا حق سب کو حاصل ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اور چین کا تعاون خلا تک پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے زرعی شعبے میں خود کفالت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پانی کے مؤثر استعمال اور جدید آبپاشی نظام کے ذریعے مستقبل محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین آہنی بھائی ہیں، جن کا مستقبل ایک دوسرے کے ساتھ جڑا ہے۔ ہمیں آئندہ نسلوں کو یہ باور کرانا ہوگا کہ وسائل کے درست استعمال سے خود انحصاری حاصل کی جا سکتی ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا