راولپنڈی: پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ معرکہ حق میں بھارت پاکستان کا کوئی بھی طیارہ نہیں گرا سکا، پاکستانی اور چینی ہتھیاروں نے اپنی مؤثر کارکردگی ثابت کی ہے۔
امریکی جریدے بلومبرگ کو دیے گئے انٹرویو میں لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے بتایا کہ پاک فوج کی دفاعی حکمتِ عملی ہمیشہ مؤثر اور قابلِ اعتماد نظاموں پر مبنی رہی ہے، جس میں ملکی ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی پلیٹ فارمز کو بھی شامل کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی ہتھیاروں کی دوڑ کا حصہ نہیں، بلکہ اپنی ضروریات اور وسائل کے مطابق دفاعی صلاحیتوں کو بہتر بناتا ہے۔ ان کے مطابق پاکستان کا دفاعی بجٹ بھارت کے مقابلے میں بہت کم ہے اور ملک کے پاس لامحدود وسائل موجود نہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ پاکستان نے کبھی بھی حقائق چھپانے یا اعداد و شمار سے کھیلنے کی کوشش نہیں کی۔ بھارت نے جھوٹا دعویٰ کیا کہ اس نے معرکہ حق کے دوران پاکستانی طیارے گرائے، لیکن وہ ایک بھی طیارہ مار گرانے میں ناکام رہا۔
انٹرویو کے دوران ترجمان نے کہا کہ پاکستانی افواج میں شامل چینی ساختہ ہتھیاروں اور پلیٹ فارمز نے حالیہ جنگی کارروائیوں میں اپنی مؤثریت ثابت کی ہے۔ ان کے مطابق چین کے فراہم کردہ سسٹمز توقعات سے بڑھ کر کارکردگی دکھا رہے ہیں۔
بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق حالیہ جھڑپ میں پاکستانی فضائیہ کے چینی ساختہ J-10C طیاروں نے بھارتی فضائیہ کے کئی طیارے، جن میں رافیل بھی شامل تھا، مار گرائے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان نے اگست میں چینی حملہ آور ہیلی کاپٹر Z-10ME کو بھی اپنے دفاعی اثاثوں میں شامل کیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ پاکستان اپنے فضائی بیڑے میں چینی طیاروں کے ساتھ امریکی ساختہ F-16 طیاروں کا استعمال بھی جاری رکھے ہوئے ہے، جو ملکی دفاعی حکمتِ عملی کا اہم حصہ ہیں۔






