وزیراعظم شہباز شریف کو اسلامی یونیورسٹی ملائیشیا سے پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری عطا

0
238

پہانگ: وزیراعظم شہباز شریف کو دورہ ملائیشیا کے دوران بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی جانب سے قیادت اور طرز حکمرانی میں اعزازی پی ایچ ڈی کی ڈگری سے نوازا گیا۔

اعزازی ڈگری دینے کی تقریب ملائیشیا کی ریاست پہانگ میں منعقد ہوئی، جس میں ریاست کی ملکہ تنکو عزیزہ آمینہ میمونہ اسکندریہ نے وزیراعظم شہباز شریف کو ڈگری عطا کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پہانگ کی ملکہ نے کہا کہ شہباز شریف نے بصیرت، نظم و ضبط اور ہمدردی کے ساتھ قوم کی خدمت کی ہے۔ انہوں نے پنجاب کی قیادت سے لے کر وزارتِ عظمیٰ تک ثابت کیا کہ حقیقی قیادت طاقت نہیں بلکہ مقصد سے جڑی ہوتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ کے ذریعے ہزاروں طلبہ کے لیے اعلیٰ تعلیم کے دروازے کھولے گئے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی خدمات اور طرزِ حکمرانی کے اعتراف میں اعزازی ڈاکٹریٹ دینا باعثِ فخر ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ملائیشیا سے قیادت و حکمرانی میں اعزازی ڈاکٹریٹ حاصل کرنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ چار دہائیوں سے عوامی خدمت کے مشن پر کاربند ہوں، پہلے صوبہ پنجاب میں اور اب بطور وزیراعظم ملک و قوم کی خدمت جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم دنیا کی ایک معزز درسگاہ سے منسلک ہونا اعزاز کی بات ہے۔ یہ ادارہ علم، ایمان اور اخلاق کو یکجا کر کے اعلیٰ تعلیم کے مقصد کو فروغ دے رہا ہے۔ خواہش ہے کہ پاکستان اور یونیورسٹی کے درمیان علمی تعاون مزید مضبوط ہو۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ قیادت کوئی امتیاز نہیں بلکہ ایک امانت ہے، جسے دیانت، اخلاص اور شفاف احتساب کے ساتھ ادا کرنا ضروری ہے۔ پاکستان اور ملائیشیا نوجوان آبادی سے مالا مال ہیں، دونوں ممالک کی ذمہ داری ہے کہ نوجوانوں کو علم و خدمت کے مواقع فراہم کریں۔

اختتام پر شہباز شریف نے علامہ محمد اقبال کا مشہور شعر پڑھ کر تقریب میں موجود شرکاء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا