راولپنڈی — چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیرِ صدارت جی ایچ کیو میں 272 ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں پاک فوج نے دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
اجلاس کا آغاز حالیہ دہشت گرد حملوں میں شہید ہونے والے جوانوں کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ سے ہوا اور فورسز کی قربانیوں، سیلاب ریلیف اور ریسکیو آپریشنز میں فوج کے کردار کو سراہا گیا۔
کمانڈرز کانفرنس نے انسدادِ دہشت گردی آپریشنز، ابھرتے ہوئے خطرات اور آپریشنل تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا اور دہشت گردی، جرائم اور سیاسی سرپرستی کے گٹھ جوڑ کو کسی صورت برداشت نہ کرنے کا عزم دہرایا۔
اجلاس میں بھارتی قیادت کی جارحانہ بیان بازی پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور واضح کیا گیا کہ اگر بھارت “نئے معمول” جیسی کسی بات کا عندیہ دے گا تو پاکستان اس کا جواب ایک نئے اور مؤثر عسکری ردعمل سے دے گا۔
کانفرنس میں فتنتہ الخوارج اور فتنتہ الہندوستان جیسے بھارتی سرپرستی کے دہشت گرد نیٹ ورکس کے خاتمے کے لیے جامع مہم جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
اجلاس نے سعودی عرب کے ساتھ حالیہ اسٹریٹجک میوچوئل ڈیفنس ایگریمنٹ کا خیرمقدم کیا، کشمیر میں مقبوضہ عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت دہرائی اور فلسطینی عوام کے لیے فوری جنگ بندی اور انسانی امداد کی ضرورت پر زور دیا۔
فیلڈ مارشل نے تمام کمانڈرز کو آپریشنل تیاری، نظم و ضبط، جسمانی فٹنس اور تیز ردعمل کے اعلیٰ معیار برقرار رکھنے کی ہدایت جاری کی اور کہا کہ پاک فوج روایتی، غیر روایتی اور ہائبرڈ خطرات سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔






