بنوں میں سی ٹی ڈی کا انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن، دو انتہائی مطلوب دہشتگرد ہلاک

0
84

محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) خیبر پختونخوا نے بنوں میں کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران دو انتہائی مطلوب دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا، جن میں سی ٹی ڈی کے چار اہلکاروں کی شہادت کا ماسٹر مائنڈ بھی شامل ہے۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق، کارروائی تھانہ ڈومیل کی حدود میں واقع کمپنی روڈ پر خفیہ اطلاع پر کی گئی، جہاں کالعدم تنظیم “فتنہ الخوارج” سے تعلق رکھنے والے دہشتگرد بڑی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

اطلاع ملتے ہی سی ٹی ڈی کی خصوصی (SWAT) ٹیم نے ضلعی پولیس کے ہمراہ علاقے کا گھیراؤ کیا۔ دہشتگردوں نے فرار ہونے کی کوشش کی اور اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس پر جوابی کارروائی کی گئی۔

تقریباً 25 منٹ تک جاری رہنے والے فائرنگ کے تبادلے کے بعد دو دہشتگرد مارے گئے، جن کی شناخت راشدین عرف ملنگ یار اور خالد عثمان عرف عثمان کے ناموں سے ہوئی۔

راشدین عرف ملنگ یار 30 اپریل 2025 کو سی ٹی ڈی بنوں کی ٹیم پر ہونے والے حملے کا ماسٹر مائنڈ تھا، جس میں اے ایس آئی بنیامین خان سمیت چار اہلکار شہید ہوئے تھے۔ وہ پولیس پوسٹ برگنتو اور سپینہ تنگی پر حملوں میں بھی ملوث تھا۔

خالد عثمان عرف عثمان مختلف دہشتگرد کارروائیوں، ٹارگٹ کلنگ اور 2023 میں پولیو ٹیم پر حملے میں ملوث رہا ہے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے دو کلاشنکوف، چھ میگزین، 23 راؤنڈز، دو ہینڈ گرینیڈ، موبائل فونز اور کالعدم ٹی ٹی پی کے کارڈز برآمد ہوئے۔

فرار ہونے والے دہشتگردوں کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا