شہر کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کے دو الگ الگ واقعات میں بزرگ شہری سمیت دو افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق پہلا واقعہ کورنگی ضیا کالونی النور سوسائٹی کے قریب پیش آیا، جہاں ڈاکوؤں نے مزاحمت پر فائرنگ کر کے 65 سالہ شمعون مسیح کو زخمی کر دیا۔ زخمی کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر پیش آیا، تاہم ملزمان کی تلاش کے لیے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
دوسرا واقعہ بن قاسم کے علاقے گھگھر پھاٹک روڈ نمبر 4 کے قریب پیش آیا، جہاں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 40 سالہ اقبال زخمی ہوگیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق زخمی کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ واقعہ ڈکیتی مزاحمت کے دوران پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے، جبکہ پولیس نے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔






