تہران : ایران نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ثالثی کی پیشکش کر دی ہے۔ ایرانی وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ تہران خطے میں امن اور استحکام کا خواہاں ہے اور دونوں ممالک فوری مذاکرات کے ذریعے کشیدگی کم کرنے کی کوشش کریں۔ ایران نے اعلان کیا کہ اگر پاکستان اور افغانستان چاہیں تو وہ ثالث کے طور پر سرحدی تناؤ کو کم کرنے اور امن قائم کرنے میں تعاون کرنے کے لیے تیار ہے۔
ترجمان ایرانی وزارتِ خارجہ اسماعیل بقائی نے کہا کہ ہر ملک کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کا احترام ضروری ہے۔ اس سے قبل سعودی عرب اور قطر نے بھی پاک افغان سرحدی جھڑپوں پر تشویش ظاہر کی تھی اور تحمل و بات چیت کے ذریعے مسئلہ حل کرنے پر زور دیا تھا۔ یاد رہے کہ گزشتہ رات پاک افغان بارڈر پر افغانستان کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ ہوئی تھی جس کا پاک فوج نے بھرپور جواب دیا، اور اطلاعات کے مطابق پاکستانی جوابی کارروائی میں متعدد افغان فوجی ہلاک ہوئے۔






