اسلام آباد میں پاکستان اور سعودی عرب کے اشتراک سے گو اے آئی ہب پاکستان کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔
گو اے آئی ہب کا قیام ڈیجیٹل تعاون کو فروغ دینے کی سمت ایک تاریخی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ منصوبہ وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن اور سعودی کمپنی گو ٹیلی کام کے اشتراک سے شروع کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل نے اس اہم شراکت داری کو عملی شکل دینے میں اہم کردار ادا کیا۔ افتتاحی تقریب میں وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ اور گو ٹیلی کام کے سی ای او یحییٰ بن صالح المنصور نے شرکت کی۔
تقریب میں ایس آئی ایف سی کے سینئر حکام اور پاکستان کے ٹیکنالوجی ایکو سسٹم کے نمائندگان بھی شریک ہوئے۔ یحییٰ بن صالح المنصور نے پاکستان کی ڈیجیٹل ترقی کے لیے طویل المدتی تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔ یہ معاہدہ وزیراعظم کے حالیہ دورہ ریاض کے دوران ہونے والی پیش رفت کا تسلسل ہے۔
تقریب میں مفاہمتی یادداشتوں کے تحت ڈیٹا سینٹر، اے آئی انفراسٹرکچر اور ٹیلنٹ ہب کے قیام پر اتفاق کیا گیا۔ ایس آئی ایف سی اور وزارت آئی ٹی نے دوطرفہ ارادوں کو عملی شراکت داریوں میں بدلنے کی نئی مثال قائم کی۔






