اسلام آباد: دفتر خارجہ پاکستان نے تصدیق کی ہے کہ آج پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان قطر کے دارالحکومت دوحہ میں مذاکرات ہوں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر دفاع کی قیادت میں پاکستان کا اعلیٰ سطح وفد افغان طالبان نمائندوں سے ملاقات کرے گا۔ مذاکرات میں افغان سرزمین سے ہونے والی سرحد پار دہشت گردی اور پاک افغان سرحد پر امن و استحکام کی بحالی کے لیے فوری اقدامات زیرِ غور آئیں گے۔
ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان جنگ نہیں چاہتا، تاہم افغان طالبان سے مطالبہ ہے کہ وہ بین الاقوامی برادری سے کیے گئے وعدوں کی پاسداری کریں اور دہشت گرد تنظیموں سے متعلق پاکستانی خدشات دور کریں۔
دفتر خارجہ کے مطابق افغان طالبان کو ٹی ٹی پی، بی ایل اے اور دیگر گروہوں کے خلاف قابلِ تصدیق کارروائی کرنی ہوگی اور پاکستان کے جائز سکیورٹی خدشات کا ازالہ کرنا ہوگا۔
ترجمان نے قطر کی ثالثی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ بات چیت خطے میں امن و استحکام کے لیے معاون ثابت ہوگی۔






