اسلام آباد : معروف مذہبی و سیاسی رہنما اور سابق چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل مولانا محمد خان شیرانی نے 92 سال کی عمر میں نکاح کرلیا۔
ذرائع کے مطابق مولانا شیرانی کا نکاح گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون سے ہوا ہے۔ شادی کی سادہ اور پُرسکون تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں قریبی رشتہ داروں اور چند معزز شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب میں روایتی سادگی دیکھی گئی، نہ کوئی سیاسی شور شرابہ تھا اور نہ ہی میڈیا کو مدعو کیا گیا۔ قریبی ذرائع کے مطابق مولانا شیرانی کی شادی اہلِ خانہ کی رضامندی اور باہمی مشاورت سے عمل میں آئی۔
مولانا محمد خان شیرانی کا شمار ملک کے ممتاز دینی و سیاسی رہنماؤں میں ہوتا ہے۔ وہ جمعیت علمائے اسلام (ف) سے وابستہ رہے اور بعد ازاں اپنی جماعت جمعیت علمائے اسلام (پاکستان) کی بنیاد رکھی۔
وہ قومی اسمبلی اور سینیٹ کے رکن بھی رہ چکے ہیں اور اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین کی حیثیت سے اہم قانون سازی میں کردار ادا کیا۔






