راولپنڈی: تھانہ سٹی کے علاقے گوالمنڈی میں شہری کو برہنہ کر کے بدترین تشدد کرنے والے ملزمان کے خلاف پولیس نے رات گئے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے مرکزی ملزم جنید عرف جیدا سمیت 6 افراد کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق، تھانہ سٹی کے علاقے میں شہری پر تشدد کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد سی پی او سید خالد ہمدانی کی ہدایت پر سٹی پولیس نے رات بھر گوالمنڈی میں چھاپے مارے اور مرکزی ملزم سمیت دیگر 6 افراد کو تحویل میں لے لیا۔ تشدد میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ واقعے پر کسی شہری نے شکایت درج نہیں کرائی تھی، لیکن ویڈیو کے منظر عام پر آنے پر پولیس نے مدعی بن کر مقدمہ درج کیا اور مرکزی ملزم کو فوری گرفتار کیا۔
سی پی او کا کہنا تھا کہ تشدد میں ملوث کوئی بھی شخص قانون کی گرفت سے نہیں بچے گا، کسی بھی شہری پر تشدد برداشت نہیں کیا جائے گا، اور ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔
پولیس ذرائع کے مطابق، ویڈیو کی مدد سے شناخت ہونے والے 6 گرفتار شدگان میں مرکزی ملزم جنید عرف جیدا، روحیل، یاسر خان، فیصل مسیح اور ثمر عباس شامل ہیں، جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔






