حیدرآباد: بھارت کی جنوبی ریاست آندھرا پردیش میں ایک المناک حادثہ پیش آیا جہاں جمعہ کی صبح ایک موٹرسائیکل سے ٹکرانے کے بعد مسافر بس میں آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں کم از کم 25 افراد جھلس کر جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق یہ حادثہ ضلع کرنول کے قریب ہائی وے پر پیش آیا جب حیدرآباد سے بنگلورو جانے والی تیز رفتار بس ایک موٹرسائیکل سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل بس کے نیچے پھنس گئی اور رگڑ سے پیدا ہونے والی چنگاریوں نے فیول ٹینک کو آگ لگا دی۔
سینیئر پولیس افسر وکرانت پاٹل نے بتایا کہ بس میں 44 مسافر سوار تھے، جن میں سے کچھ نے کھڑکیاں توڑ کر چھلانگ لگا کر جان بچائی، جبکہ دیگر آگ کی لپیٹ میں آکر موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ ان کے مطابق حادثے کے وقت بیشتر مسافر سو رہے تھے۔
واقعے کے فوراً بعد ڈرائیور نے بس روک کر آگ بجھانے کی کوشش کی لیکن شعلے اس قدر شدید تھے کہ قابو نہ پایا جا سکا۔ بس مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگئی جبکہ نامعلوم موٹرسائیکل سوار بھی جھلس کر ہلاک ہو گیا۔
فرانزک ٹیم نے جائے وقوعہ پر شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
وزیر اعظم نریندر مودی اور آندھرا پردیش کے وزیراعلیٰ این چندرابابو نائیڈو نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی ہے۔
یہ واقعہ بھارت میں دو ہفتوں سے کم عرصے میں بس میں آگ لگنے کا دوسرا ہلاکت خیز حادثہ ہے۔ اس سے قبل راجستھان میں بھی شارٹ سرکٹ کے باعث ایک مسافر بس میں آگ لگنے سے 20 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔






