اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان پولینڈ کے ساتھ سیاسی، معاشی اور ثقافتی تعلقات مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔
ایوانِ صدر میں پولینڈ کے نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ رادوسواف شِکورسکی نے صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔ پولینڈ کے سفیر میچی پِسارسکی اور وزارتِ داخلہ و انتظامیہ کے انڈر سیکرٹری میچی دُشچِک بھی وفد میں شامل تھے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اور پولینڈ کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے پولش کمپنیوں کو خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
صدرِ مملکت نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور معاشی روابط کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ ملاقات میں تعلیم، دفاع اور عوامی تبادلے کے فروغ پر بھی بات چیت کی گئی۔
صدر آصف علی زرداری نے یورپی یونین کے جی ایس پی پلس اسٹیٹس پر پاکستان کی حمایت پر پولینڈ کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر دونوں ممالک نے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، سینیٹر شیری رحمان، سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور سیکرٹری خارجہ بھی موجود تھے۔






