وفاقی اردو یونیورسٹی ہال میں 29 اکتوبر 2025 کو سیرت النبی ﷺ کے موضوع پر ایک پُروقار سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے ہوا۔ سیمینار کی صدارت چیئرمین ڈیپارٹمنٹ پروفیسر ڈاکٹر قیصر خالد خان نے کی، جبکہ مہمانِ خصوصی کے طور پر ڈاکٹر حافظ محمد سجاد اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اسلام آباد کے پروفیسر سجاد محمود نے شرکت کی۔
پروگرام کے آغاز میں پروفیسر ڈاکٹر قیصر خالد خان نے سیرت النبی ﷺ اور اسلامی معاشی اصولوں پر جامع گفتگو کی۔ بعد ازاں ڈاکٹر حافظ سجاد نے اپنی تقریر میں اسلامی تعلیمات، اتحادِ امت اور سیرتِ طیبہ کے عملی پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ حضور ﷺ نے دیانت، صداقت اور انصاف کی تعلیم دی اور تجارت میں ایمانداری اور حلال روزی پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید دور میں بھی نبی کریم ﷺ کی سیرت پر عمل زندگی میں کامیابی کی ضمانت ہے۔
پروگرام کے آخر میں سوال و جواب کا سیشن ہوا جس میں طلبہ نے بھرپور حصہ لیا۔ مہمانوں نے طلبہ کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے علمی سیمینارز طلبہ کی آگاہی بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اختتام پر مہمانوں کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں اور دعاے خیر کے ساتھ پروگرام مکمل ہوا۔






