بھارتی کرکٹ کے عالمی شہرت یافتہ سابق کپتان اور اسٹار بیٹر محمد اظہرالدین نے سیاست کے میدان میں بھی اپنی نئی اننگ کا کامیاب آغاز کر دیا ہے۔ وہ کانگریس کے ٹکٹ پر ریاستی اسمبلی کے رکن ہیں اور اب تلنگانہ کابینہ میں وزیر کی حیثیت سے شامل ہو گئے ہیں۔
حلف برداری کی تقریب میں اظہرالدین نے اللہ کے نام پر حلف اٹھایا اور اختتام پر ’جے تلنگانہ‘ اور ’جے ہند‘ کے نعرے لگائے۔ تقریب میں ان کے بیٹے اسد الدین اظہر بھی موجود تھے، جو حال ہی میں تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے جنرل سیکریٹری نامزد ہوئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اظہرالدین کو اقلیتی بہبود کا قلمدان دیے جانے کا امکان ہے۔ وہ وزیراعلیٰ اے ریونت ریڈی کی کابینہ میں شامل ہونے والے پہلے مسلمان وزیر بن گئے ہیں۔






