راولپنڈی: شہر میں بدلتے موسم کے باوجود ڈینگی کیسز میں اضافہ جاری ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے مزید 19 نئے مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے مطابق اس وقت راولپنڈی کے مختلف ہسپتالوں میں ڈینگی کے 28 مریض زیرِ علاج ہیں، جبکہ ڈینگی کے باعث کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی۔
سال 2025 کے دوران اب تک 20 ہزار 798 افراد کے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں، جن میں مجموعی طور پر 1561 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔
محکمۂ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق جنوری سے اب تک 61 لاکھ 96 ہزار 497 گھروں کی چیکنگ کی گئی، جن میں 2 لاکھ 936 گھروں میں ڈینگی لاروا ملا۔
اسی عرصے میں 17 لاکھ 81 ہزار 469 مقامات کی جانچ پڑتال کی گئی، جن میں 27 ہزار 858 مقامات سے لاروا برآمد ہوا۔
رواں سیزن میں 2 لاکھ 28 ہزار 794 لاروا تلف کیے گئے، جبکہ ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 4736 ایف آئی آرز درج کی گئیں، 1909 مقامات سیل اور 3664 چالان جاری کیے گئے۔
مزید برآں، ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 1 کروڑ 13 لاکھ 44 ہزار 7 روپے کے جرمانے بھی عائد کیے گئے ہیں۔





