اسلام آباد: وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی سے ترکیہ کے وزیرِ داخلہ علی یرلیکایا نے اپنے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ علی یرلیکایا نے وزارتِ داخلہ کا دورہ کیا جہاں محسن نقوی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ون ٹو ون اور وفود کی سطح پر ملاقاتیں ہوئیں۔
ملاقات میں پاک–ترکیہ تعلقات، انسدادِ دہشت گردی، انسدادِ منشیات، انسانی اسمگلنگ، بارڈر سیکیورٹی، سائبر کرائم، کوسٹ گارڈ اور پولیس تعاون سمیت دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک کی وزارتِ داخلہ کے درمیان تعاون مزید فعال بنانے کے لیے جوائنٹ ورکنگ گروپ کے قیام پر اتفاق ہوا۔ فیصلہ کیا گیا کہ یہ گروپ سال میں چار مرتبہ ملاقات کرے گا۔
دونوں ممالک نے انسدادِ دہشت گردی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سکیورٹی ترکیہ کی سکیورٹی سے جدا نہیں۔ علی یرلیکایا نے پاکستان کے انسدادِ دہشت گردی اور انسدادِ منشیات میں مؤثر کردار کو سراہا۔
ملاقات میں امیگریشن اور انسانی اسمگلنگ کے مسائل پر بھی بات چیت ہوئی اور اس شعبے میں مشترکہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی امیگریشن بین الاقوامی مسئلہ ہے جس کے حل کے لیے مشترکہ کوششیں ضروری ہیں۔ انہوں نے انٹرپول کے انتخابات میں ترکیہ کی بھرپور حمایت کا بھی اعلان کیا۔
محسن نقوی نے بتایا کہ پاکستان کی اینٹی نارکوٹکس فورس محدود وسائل کے باوجود بہترین کارکردگی دکھا رہی ہے، اور گزشتہ پانچ سال میں پاکستان سے ترکیہ منشیات اسمگلنگ کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔ دونوں ممالک نے پولیس ٹریننگ اور مختلف شعبوں میں تجربات کے تبادلے سے باہمی تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔
علی یرلیکایا نے کہا کہ ترکیہ پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور تمام شعبوں میں تعاون بڑھانا چاہتا ہے۔ انہوں نے پاکستان میں شاندار مہمان نوازی پر شکریہ بھی ادا کیا۔
ملاقات میں وزیرِ مملکت داخلہ طلال چوہدری، وفاقی سیکرٹری داخلہ، مختلف اعلیٰ حکام، ڈی جی اے این ایف، ڈی جی ایف آئی اے، کمانڈنٹ این پی اے، آئی جی ایف سی، نیکٹا کے نیشنل کوآرڈینیٹر، ڈی جی پاسپورٹ و امیگریشن اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔






