مریم نواز سے چینی سرمایہ کار وفد کی ملاقات، پنجاب میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار

0
314

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے چین کے نمایاں سرمایہ کاروں کے وفد نے ملاقات کی، جس میں وفد نے پنجاب میں سرمایہ کاری کے مختلف شعبوں میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے چینی وفد میں خواتین کی موجودگی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ برازیل روانگی سے قبل چینی سرمایہ کاروں سے یہ ملاقات انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب سرمایہ کاری کے امکانات کے لحاظ سے بہترین دور سے گزر رہا ہے۔

مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب میں پہلی مرتبہ زیرو ٹائم ٹو اسٹارٹ پالیسی متعارف کرائی گئی ہے جس کا مقصد سرمایہ کاروں کو فوری، مؤثر اور مکمل معاونت فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صوبے کے انڈسٹریل زونز اور انڈسٹریل پارکس سرمایہ کاری کے لیے بہترین پوٹینشل رکھتے ہیں، جبکہ سرمایہ کاروں کو ٹیکس ہالی ڈے اور ڈیوٹی امپورٹ ریلیف بھی دیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ انفراسٹرکچر، آئی ٹی سیکٹر اور میڈیکل ٹورازم غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے نمایاں مواقع فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال کے چین دورے کے بعد میڈیکل سمیت دیگر کئی شعبوں میں جدید اصلاحات متعارف کرائی جارہی ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں رئیل اسٹیٹ انفراسٹرکچر سرمایہ کو جلد منافع میں بدلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ روڈا کا منصوبہ صوبے میں جدید انفراسٹرکچر کی بہترین مثال ہوگا، جبکہ صرف 10 ماہ میں ایک لاکھ سے زائد گھروں کی تعمیر صوبائی حکومت کی کارکردگی کا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاحت کے فروغ کے باعث مزید معیاری ہوٹلوں کی ضرورت بڑھ رہی ہے۔ پنجاب میں پہلی مرتبہ گلاس ٹرین اور ہائی اسپیڈ ٹرین متعارف کرانے کی تیاری کی جارہی ہے۔ علاوہ ازیں، سب سے بڑے میڈیکل ڈسٹرکٹ کے قیام کے لیے بھی وسیع رقبہ مختص کر دیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پنجاب میں کاروباری نظام مکمل طور پر آن لائن ہے—”آج اپلائی کریں اور کل سے کام شروع کریں”—فائل اور پیپر ورک کا روایتی نظام ختم کیا جا رہا ہے۔

ملاقات میں مختلف چینی کمپنیوں کے اعلیٰ عہدیداروں نے اپنے اداروں کا تعارف کرایا اور پنجاب کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی خواہش ظاہر کی۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا