اسلام آباد: پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ اپوزیشن آج پوری کوشش کرے گی کہ حکومت 27ویں آئینی ترمیم سینیٹ سے منظور نہ کرا سکے۔
سینیٹ میں اپوزیشن جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی ظفر نے کہا کہ بلاول بھٹو کے ٹوئٹ کے بعد سے ہی پی ٹی آئی اس ترمیم کی مخالفت کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن آج ایوان میں بھرپور احتجاج کرے گی اور دیکھا جائے گا کہ آیا حکومت کے پاس ترمیم کے لیے درکار نمبر پورے ہیں یا نہیں۔
علی ظفر نے کہا کہ وہ اس استثنیٰ کے تصور کے خلاف ہیں۔ ان کے مطابق اگر کوئی شخص جرم کرتا ہے، چاہے وہ صدر ہو یا گورنر، اسے سزا ملنی چاہیے۔ کوئی شخص محض عہدے کی بنیاد پر سزا سے نہیں بچ سکتا۔ “جرم کیا ہے تو سزا ہونی چاہیے۔ یہی اسلامی اصول ہے، مذہب اور آئین دونوں اسی بات کی تائید کرتے ہیں۔”






