لاہور کے علاقے سندر میں سرعام ہوائی فائرنگ کرنے والے پولیس اہلکار کو گرفتار کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فائرنگ کرنے والے اہلکار کی شناخت کانسٹیبل شاہد کے نام سے ہوئی ہے جو مجاہد سکواڈ میں تعینات ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق اہلکار سے غیر لائسنسی لوڈڈ اسلحہ اور چار گولیوں کے خول برآمد ہوئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہد کی اس سے قبل بھی فائرنگ کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہیں۔
پولیس کے مطابق واقعے کے وقت ایس ایچ او سندر، انسپکٹر اسد اقبال بھی موقع پر موجود تھے، جبکہ فائرنگ کرنے والا اہلکار بلا اجازت اسلحہ کا استعمال کرتا رہا۔
تھانہ سندر پولیس نے اپنے ہی محکمے کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
ایس پی صدر ڈویژن رانا حسین طاہر نے بتایا کہ اہلکار کو گرفتار کر کے اس کے خلاف محکمانہ کارروائی بھی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز لاہور محمد فیصل کامران کا کہنا تھا کہ فائرنگ اور اسلحہ کی نمائش کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، ایسے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔






