سینیٹر فیصل واوڈا نے انکشاف کیا ہے کہ ایک نہیں بلکہ مزید تین ارکان بھی ووٹ دینے کے لیے تیار ہیں، اور یہ تینوں اس وقت پارلیمنٹ میں موجود ہیں۔
پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ سیف اللہ ابڑو اور احمد ملک میرے بھائی ہیں، دونوں اس وقت میرے گھر پر موجود ہیں اور آج ووٹ دینے کے لیے تیار ہیں۔
صحافیوں کے سوالات کے جواب میں سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ ہمیں لکھنے پڑھنے کی زیادہ عادت نہیں، اس لیے کبھی کبھار غلطیاں ہو جاتی ہیں۔ اگر کہیں کامہ یا فل اسٹاپ کی غلطی ہے تو اسے درست کر کے دوبارہ پیش کرنا ہمارا جمہوری حق ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج مٹھائی بننے والی نہیں اور 26 نومبر کو بھی میرا بھائی خیبر پختونخوا نہیں آرہا۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے امن جرگہ والا اچھا قدم اٹھایا، صوبائی حکومت کو اعتماد میں لینا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا وزیر اعظم اور صدر مملکت سے ملاقات کریں تاکہ بانی پی ٹی آئی کے لیے راہ ہموار ہو سکے۔
سینیٹر فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ آئندہ دنوں میں چائے کی پیالی میں طوفان برپا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی باہر آئیں کیونکہ یہ ملک کے لیے بہتر ہوگا، اور وہ ان کے خیرخواہ ہیں۔






