وزیراعظم سے اردن کے بادشاہ کی ملاقات، مختلف شعبوں میں معاونت پر اتفاق

0
354

وزیراعظم شہباز شریف اور اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ دوم کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں معاشی، تجارتی، سرمایہ کاری، صحت، تعلیم اور دفاع کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط اور مؤثر بنانے پر اتفاق کیا اور پاکستان و اردن نے اسٹریٹجک اور اقتصادی تعاون میں اضافے کے عزم کا اظہار کیا۔ ملاقات میں خطے اور عالمی فورمز پر قریبی تعاون بڑھانے کے امور پر بھی مشاورت کی گئی۔ شاہ عبداللہ دوم نے غزہ کے معاملے پر اردن کی حمایت کرنے پر پاکستان کی تعریف کی۔

فریقین نے خطے کی سکیورٹی صورتحال اور امن کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ فلسطین کے معاملے پر دونوں ممالک نے ایک جیسے مؤقف کا اعادہ کیا جبکہ غزہ سے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کی سخت مخالفت کی گئی۔ اس کے ساتھ ساتھ آٹھ عرب اسلامی ممالک کے ساتھ قریبی کوآرڈینیشن بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم، اعلیٰ عسکری قیادت اور وفاقی وزرا بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے شاہ عبداللہ دوم کو افغانستان اور بھارت سے متعلق صورتحال پر بریفنگ دی جبکہ شاہ عبداللہ نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔

اس موقع پر پاکستان اور اردن کے درمیان میڈیا، ثقافت اور تعلیم کے شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔ بعد ازاں وزیراعظم نے شاہ عبداللہ دوم کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔

واضح رہے کہ اردن کے بادشاہ کا پاکستان کا آخری دورہ سابق صدر ممنون حسین کی دعوت پر ہوا تھا جس دوران دونوں ممالک کے درمیان دو اہم معاہدوں پر دستخط ہوئے تھے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا