راولپنڈی کرپشن کیس: پولیس حراست سے فرار ہونے والے اقبال سنگھیڑا دوبارہ گرفتار

0
443

راولپنڈی: راولپنڈی کرپشن کیس میں پولیس حراست سے فرار ہونے والے سابق اے ڈی سی ر سِیالکوٹ اقبال سنگھیڑا کو پولیس نے دوبارہ گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتاری کے بعد ملزم کو کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا جا رہا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے لیے تین خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں، جن کی سربراہی اور نگرانی ایس پی صدر ڈویژن انعم شیر خان کر رہے تھے۔ اقبال سنگھیڑا 13 نومبر کو راولپنڈی سے لاہور منتقلی کے دوران پولیس حراست سے فرار ہو گیا تھا۔

فرار میں غفلت برتنے والے چار پولیس اہلکاروں کو نوکری سے برخاست کر دیا گیا، جبکہ چکری ریسٹ ایریا کے علاقے کی جیو فینسنگ کا عمل بھی مکمل کر لیا گیا۔ گرفتار پولیس اہلکاروں کو عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا تھا اور ان کا موبائل ڈیٹا بھی حاصل کر لیا گیا ہے تاکہ ملزم سے ان کے رابطے کی تصدیق کی جا سکے۔

ملزم کے فرار میں استعمال ہونے والی گاڑی کی تفصیلات حاصل کرنے کے لیے مختلف اضلاع کے ایکسائز دفاتر کو مراسلہ ارسال کیا گیا، تاہم گاڑی کے نمبر کے مکمل نہ ہونے کی وجہ سے رجسٹریشن کی تفصیلات حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ این ایچ اے کو بھی اس بات کی تصدیق کے لیے مراسلہ بھیجا گیا کہ ملزم کس موٹروے ٹول پلازہ سے گاڑی کے ذریعے فرار ہوا۔

واضح رہے کہ اقبال سنگھیڑا اینٹی کرپشن عدالت راولپنڈی میں پیشی کے بعد لاہور جیل منتقلی کے دوران فرار ہوا تھا۔ اس کے فرار کے معاملے میں اس کے بھائی سمیت 6 نامعلوم ملزمان اور 4 پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا