مظفرآباد: وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ نئی حکومت ریاست کے عوام کی حقیقی معنوں میں خدمت کرے گی اور محرومیوں کے ازالے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
وفود سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کا کہنا تھا کہ عوام کا اعتماد بحال کرنا بنیادی ترجیح ہے، اللہ تعالیٰ نے پاکستان پیپلز پارٹی کو ریاست کی محرومیاں دور کرنے کا موقع دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا جب عوام سڑکوں پر تھی اور بے چینی کی فضا قائم تھی، مگر آج لوگوں کے ہاتھوں میں سیاسی جماعتوں کے جھنڈے اور دلوں میں اعتماد ہے۔ نئی حکومت کے اعلان کے بعد پورے خطے میں جشن کا ماحول ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ریاست میں سیاست دوبارہ فعال ہو رہی ہے، ہماری 6 ماہ کی حکومت آنے والی حکومت کا ٹریلر ثابت ہوگی، یہ ایک طویل المدتی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ اگر تاریخ رقم کرنی ہے تو مجھے محض تقرریوں اور تبادلوں تک محدود نہ رکھا جائے۔
انہوں نے اپنے والد، سابق وزیراعظم راجہ ممتاز حسین راٹھور کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کی 9 ماہ کی حکومت آج بھی عوام کے دلوں میں زندہ ہے۔
فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ اقتدار نعمت بھی ہے اور آزمائش بھی، یہ ذمہ داری سیاست کے مشکل وقت میں ملی ہے اور عوام سمیت تمام جماعتوں کی امیدیں ہم سے وابستہ ہیں۔ وقت کم ہے مگر خدمت کا عزم مضبوط ہے۔
اس موقع پر سینئر وزیر میاں عبدالوحید نے کہا کہ راجہ ممتاز حسین راٹھور ہمیشہ دلوں کے وزیراعظم رہیں گے۔ موجودہ 6 ماہ کی حکومت 2026 کے بعد بننے والی حکومت کی بنیاد ثابت ہوگی، اور وہ حکومت بھی پیپلز پارٹی کی ہی ہوگی۔






