وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے راولپنڈی میں الیکٹرک بس سروس کے منصوبے کا افتتاح کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترقیاتی کام کرنا مسلم لیگ (ن) کی پہچان ہے اور مخالفین بھی اس حقیقت کو مانتے ہیں۔
تقریب سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ راولپنڈی میں صفائی، سڑکوں اور مجموعی ترقیاتی کاموں کا معیار دیکھ کر خوشی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں ہونے والے منصوبے عوام کی زندگی آسان بنانے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ملک کو چند سال پہلے ڈیفالٹ کے خطرے کا سامنا تھا، لیکن مسلم لیگ (ن) کی حکومت آتے ہی حالات بہتر ہونا شروع ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کی رفتار صرف اسی وقت بڑھتی ہے جب قیادت سنجیدگی سے کام کرے، اور عوام جان چکے ہیں کہ ترقی کے لیے ن لیگ ہی قابلِ اعتماد ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ مخالفین کے پاس عوام کے لیے منصوبے نہیں، صرف انتشار اور تنقید ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ ملک کے دیوالیہ ہونے کے منتظر تھے، آج وہ مایوس ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ صوبے میں ٹرانسپورٹ کے بڑے منصوبے جاری ہیں، مختلف شہروں میں سڑکوں کی تعمیر مکمل کی گئی ہے اور الیکٹرک بسوں کے کرایے انتہائی کم رکھے گئے ہیں جبکہ بزرگ شہریوں کے لیے سفر بالکل مفت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کا ہر شہری برابر ہے اور صوبے میں سستی اور معیاری ٹرانسپورٹ کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیڑھ سال میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبے مکمل کیے گئے، الیکٹرک بسیں ماحولیاتی آلودگی کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوں گی۔
مریم نواز نے کہا کہ راولپنڈی میں قلیل عرصے میں 10 لاکھ گھروں کے منصوبے کا آغاز کیا جا رہا ہے جن میں سے ایک لاکھ سے زائد گھر زیرِ تعمیر ہیں۔ صحت کے شعبے میں اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پنجاب کا پہلا سرکاری کینسر ہسپتال جنوری میں فعال ہو جائے گا، جبکہ مریضوں کو اب اہم ادویات گھروں تک فراہم کی جارہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 20 شہروں میں کارڈیالوجی سینٹر قائم کیے جا رہے ہیں اور ہر شہر میں جدید صحت کی سہولیات فراہم ہوں گی۔ صوبے میں سموگ کے خلاف مؤثر اقدامات کے نتیجے میں ایک سال میں 70 فیصد تک کمی آئی ہے۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ طلبہ کے لیے اسکالرشپ پروگرام شروع کیا گیا ہے، گاؤں میں شہری سہولیات پہنچائی جا رہی ہیں اور پوٹھوہار کے ہر گھر میں صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے بڑے منصوبوں پر نواز شریف کے نام کی تختیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ کس نے عملی طور پر ترقی کے منصوبے مکمل کیے۔






