فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی سرزمین کا تحفظ، قومی سالمیت اور ہر شہری کی حفاظت پاک فوج کی اولین ترجیح ہے اور اس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ–27 کے شرکاء نے آج جی ایچ کیو کا دورہ کیا، جہاں انہیں ملکی اور علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا یہ اہم تربیتی پروگرام ارکانِ پارلیمان، سینئر سول و عسکری افسران، ماہرینِ تعلیم اور سول سوسائٹی کے نمائندگان کو قومی سلامتی کے اہم امور پر جامع آگاہی فراہم کرتا ہے۔
دورے کے دوران آرمی چیف نے شرکاء سے خصوصی نشست میں تبادلۂ خیال کیا اور خطے میں تیزی سے بدلتے سیکیورٹی ماحول پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی جیو پولیٹیکل کشمکش، سرحد پار دہشتگردی اور ہائبرڈ جنگ کے چیلنجز نے مجموعی صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ بیرونی حمایت یافتہ دہشتگردی اور معلوماتی جنگ کے باوجود پاکستان کی مسلح افواج، انٹیلی جنس ادارے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے غیر متزلزل عزم اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ “معرکۂ حق” کے دوران پاک افواج کی کارکردگی نے دنیا میں پاکستان کے وقار میں اضافہ کیا ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان کی سب سے بڑی قوت قومی اتحاد ہے، اور اسی اتحاد کے ساتھ دشمنوں کے مذموم عزائم ناکام بنائیں گے۔ شرکاء کو غیر قانونی سرگرمیوں، اسمگلنگ، منشیات کی ترسیل اور منظم جرائم کے خلاف جاری کریک ڈاؤن سمیت سرحدی انتظام اور غیر قانونی غیر ملکیوں کی واپسی سے متعلق تازہ پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
فیلڈ مارشل نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک فوج پائیدار امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے وفاقی و صوبائی اداروں کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔






