لاہور: سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ عوام نے نفرت، جھوٹ اور گالی گلوچ کی سیاست کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔
نومنتخب ارکانِ قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل سے جھوٹ، بدتہذیبی اور فتنہ شکست کھا چکے ہیں۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ 2017 میں ملک تیزی سے ترقی کر رہا تھا مگر بعد میں آنے والوں نے ملک کا دیوالیہ نکال دیا اور ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں مہنگائی صرف 3 فیصد تھی، آج ہم آئی ایم ایف کے فیصلوں کے محتاج ہیں۔ اگر ترقی کا سفر جاری رہتا تو آج پاکستان عالمی سطح پر ایک مختلف مقام پر ہوتا۔
سابق وزیراعظم نے شہباز شریف اور مریم نواز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ان سے آگے نکل گئے ہیں اور بہترین کام کر رہے ہیں۔
نواز شریف نے کہا کہ عوام نے کارکردگی کی بنیاد پر مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کیا اور یہی ہماری اصل کامیابی ہے۔






