اسلام آباد: پاکستان اور روس کے درمیان 10 ویں بین الحکومتی کمیشن اجلاس کا آج اختتام ہوگا جس کے دوران اہم مفاہمتی یادداشتوں اور پروٹوکولز پر دستخط کیے جائیں گے۔
وفاقی وزیر برائے پاور ڈویژن سردار اویس لغاری اور روس کے وزیر توانائی اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔ روسی وزیر توانائی گزشتہ روز اسلام آباد پہنچے اور اپنی آمد کے بعد مختلف سرگرمیوں میں شریک رہے۔
گزشتہ رات روسی وزیر توانائی سرگئی تسویلیف نے پی این سی اے میں منعقد خصوصی کنسرٹ میں بھی شرکت کی۔ انہوں نے روسی فنکاروں اور گلوکاروں کی پرفارمنس کو سراہا۔ کنسرٹ میں اسٹیٹ اکیڈمک رشین فوک انسمبل نے فن کا شاندار مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر روسی نائب وزیر سائنس و اعلیٰ تعلیم، نائب وزیر توانائی، وزارتِ ثقافت کے نمائندے اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
کنسرٹ میں روس سے آئے فنکاروں نے روایتی روسی ثقافت کا خوبصورت اظہار کیا جسے شرکاء نے بے حد پسند کیا۔ تقریب میں ڈارک آئز، پیڈلرز اور دیگر کلاسیکی روسی و سوویت دھنیں پیش کی گئیں۔
تقریب میں پاکستانی موسیقی کی دھنیں بھی پیش کی گئیں، جس سے دونوں ممالک کے شرکاء پاکستانی اور روسی فوک کلچر سے بھرپور لطف اندوز ہوتے رہے۔






