عمران دور کی تباہی کے ذمہ دار خود انجام کو پہنچیں گے، رانا ثنااللہ

0
471

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کے دور میں ہونے والی تباہی کے ذمہ دار جلد اپنے انجام کو پہنچیں گے، جبکہ حکومت کی ترجیح اس وقت ملک کو سنبھالنا اور عوام کو ریلیف دینا ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کو مشکلات سے دوچار کرنے والے بانی پی ٹی آئی اور وہ عناصر ہیں جنہوں نے 2018 میں انہیں اقتدار دلایا۔ ان کے مطابق عمران خان کے چار سالہ اقتدار کے دوران ہونے والی تباہی آج تک ختم نہیں ہو رہی، اور اس کی ذمہ داری اُس وقت کی اسٹیبلشمنٹ پر عائد ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنرل فیض حمید کا ٹرائل جاری ہے اور تمام کردار اپنے منطقی انجام تک پہنچیں گے، مگر مسلم لیگ (ن) کا فوکس انتقام نہیں بلکہ ملکی استحکام اور معاشی بہتری ہے۔

رانا ثنااللہ نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر سرخرو ہوا ہے، معیشت بہتری کی طرف گامزن ہے تاہم مکمل طور پر بحال ہونا ابھی باقی ہے۔ انہوں نے آئی ایم ایف کی کرپشن رپورٹ کو غیر اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت اور سابق پی ڈی ایم دور میں کوئی اسکینڈل سامنے نہیں آیا۔

بھارت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت افغانستان کے ذریعے آپریشن چلا رہا ہے، تاہم پاکستان کوئی جنگ مسلط نہیں کرنا چاہتا۔

اپوزیشن لیڈر کی تعیناتی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ اسپیکر کا اختیار ہے، حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی اور پیپلز پارٹی اتحادیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

رانا ثنااللہ نے بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق بھارتی میڈیا کی رپورٹس کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان مکمل صحت مند ہیں اور انہیں جیل میں تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ تاہم انہوں نے کہا کہ اگر کوئی قیدی جیل میں بیٹھ کر اسلام آباد پر چڑھائی کے منصوبے بنائے تو ایسی صورت میں ملاقاتیں روکنا قانونی طور پر درست ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ عمران خان کو کسی اور جیل منتقل کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا