اسلام آباد میں پاکستان پاپولیشن سمٹ 2025 سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا کہ ملک میں آبادی میں تیزی سے اضافہ انتہائی تشویش ناک صورت حال اختیار کر چکا ہے، اور اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے عوامی سطح پر آگاہی پھیلانا ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کے باعث صحت، تعلیم اور دیگر اہم شعبوں کو شدید دباؤ کا سامنا ہے جبکہ آبادی کا بوجھ ملکی وسائل پر بھی واضح اثر ڈال رہا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ آگاہی کی کمی کے باعث آبادی کا مسئلہ مزید سنگین ہوتا جا رہا ہے جو ترقی کی رفتار کو بھی متاثر کر رہا ہے۔ ان کے مطابق بڑھتی آبادی نہ صرف معیشت بلکہ بنیادی سہولیات کے نظام پر بھی بڑا بوجھ بن رہی ہے، اور معاشرے کے ہر طبقے کو اس مسئلے کے حل میں اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔
عطااللہ تارڑ نے زور دیا کہ ملک میں ترقی کا تسلسل برقرار رکھنے کے لیے آبادی کا توازن ضروری ہے، اور آبادی کے بڑھتے ہوئے چیلنج سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے ورکنگ گروپ کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔






