لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لودھراں میں کھلے مین ہول میں گر کر کمسن بچے کی ہلاکت پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کو سنگین غفلت قرار دیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر لودھراں کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دے دیا۔ انہوں نے جاں بحق بچے کے اہلخانہ سے گہری ہمدردی اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک معصوم جان کی ضیاع ناقابلِ برداشت اور ناقابلِ معافی ہے۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ کسی سرکاری افسر کی غفلت سے بچوں کی جانوں کے ساتھ مزید کھلواڑ نہیں ہونے دیں گے، ذمہ داروں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ شہر بھر میں کھلے مین ہولز اور دیگر خطرناک مقامات کو فوری طور پر محفوظ بنایا جائے تاکہ ایسے افسوسناک واقعات کا دوبارہ کوئی امکان باقی نہ رہے۔





