کلرکہار(طلوع نیوز)راولپنڈی میں موٹر وے پر مسافر بس کے حادثے میں 13 افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہوگئے، امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق راولپنڈی میں موٹر وے پرکلرکہار کے قریب تقریباً ساڑھے تین بجے مسافر بس کو حادثہ پیش آیا ہے، جس میں 13 افراد جاں بحق اور 13 شدید زخمی ہوگئے۔
موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کواسپتال منتقل کردیا گیا، امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
موٹر وے پولیس نے بتایا کہ حادثہ بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا، متاثرہ بس راولپنڈی سے جھنگ جارہی تھی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے اہلکار جائے حادثہ پر موجود ہیں، ڈی آئی جی (موٹر وے) محمد یوسف ملک اور سیکٹر کمانڈر کی نگرانی میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے بیان میں کہا گیا کہ حادثے کی وجہ سے دو ٹریک ویز بند کردیے ہیں جب کہ تیسرا ٹریک ٹریفک کے لیے کھلا ہے۔
واضح رہے کہ فروری میں لاہور اسلام آباد موٹر وے پر کلر کہار کے قریب بس الٹنے سے خواتین اور بچوں سمیت کم از کم 14 افراد جاں بحق ہوگئے تھے، حادثے کا شکار بس مخالف سمت سے آنے والے روڈ پر دو دیگر کاروں اور ایک ٹرک سے جا ٹکرائی،
پولیس کے مطابق مسافر شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد اسلام آباد سے واپس لاہور جارہے تھے کہ ٹائر پھٹنے کے باعث ان کی بس الٹ گئی تھی۔
حادثے کے بعد پولیس اہلکار نےبتایا تھا کہ حادثہ کلر کہار کے قریب سالٹ رینج کے پہاڑی علاقے سے گزرنے والے موٹر وے کے خطرناک پیچ پر پیش آیا۔
انہوں نے کہا تھا کہ زیادہ تر حادثات اس پیچ پر پیش آتے ہیں، اس کی وجہ اس پیچ کا خم دار اور اس کا ڈھلان ہے، پولیس اہلکار نے مزید کہا کہ وہ ڈرائیورز جو اسلام آباد لاہور موٹروے پر گاڑی چلانے کے عادی نہیں، وہ ایسے مہلک حادثات کا شکار ہوتے ہیں۔






