فیڈرل اردو یونیورسٹی میں بین المذاہب ہم آہنگی پر سیمینار، اقلیتیں پاکستان کی طاقت ہیں: وفاقی وزیر مذہبی امور

0
425

اسلام آباد: فیڈرل اردو یونیورسٹی اسلام آباد میں شعبہ اسلامیات کے زیر اہتمام “بین المذاہب ہم آہنگی اور استحکامِ پاکستان” کے عنوان سے سیمینار منعقد ہوا، جس کے مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف تھے۔

سیمینار سے انچارج کیمپس ڈاکٹر صبا بشیر اور صدر شعبہ اسلامیات ڈاکٹر محمد عرفان نے بھی خطاب کیا، جبکہ ایڈیشنل رجسٹرار چوہدری علیم رضا نے وفاقی وزیر کا جامعہ اردو آمد پر خیر مقدم کیا۔

وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے اپنے خطاب میں کہا کہ اقلیتیں پاکستان کی کمزوری نہیں بلکہ طاقت ہیں۔ اسلامی تعلیمات اور آئینِ پاکستان کے مطابق اقلیتی برادری کو مکمل حقوق حاصل ہیں اور ان کی جان و مال کا تحفظ ریاستِ پاکستان کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں اور حکومت مکالمے، باہمی احترام اور رواداری پر یقین رکھتی ہے۔ ایک دوسرے کے وجود کو تسلیم کرنے میں ہی سب کی بھلائی ہے۔ منتخب عوامی حکومت پاکستان کو ایک مضبوط اور پُرامن ریاست بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔

انچارج کیمپس ڈاکٹر صبا بشیر نے وفاقی وزیر کی آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے شعبہ اسلامیات کو مذہبی ہم آہنگی جیسے اہم موضوع پر مکالمے کے انعقاد پر سراہا۔ انہوں نے شیخ الجامعہ ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری کو ایسے علمی مواقع فراہم کرنے پر خراج تحسین بھی پیش کیا۔

صدر شعبہ اسلامیات ڈاکٹر محمد عرفان نے کہا کہ سیرتِ رسول ﷺ کو نمونہ عمل بنا کر دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے، جبکہ میثاقِ مدینہ آج بھی ایک مستحکم ریاست اور معاشرے کے قیام کے لیے واضح روڈ میپ فراہم کرتا ہے۔

مہمان مقرر جمیل فاروقی نے کہا کہ دنیا بھر میں پاکستان کا روشن چہرہ پیش کرنا نوجوانوں کی بھی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے فیڈرل اردو یونیورسٹی کی جانب سے نوجوانوں کی بہتر فکری و اخلاقی تربیت کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ آج کے نوجوانوں کو سیرتِ رسول ﷺ کو شعارِ حیات بنانا چاہیے۔

سیمینار میں ایڈیشنل رجسٹرار چوہدری علیم رضا، انتظامی افسران، اساتذہ اور طلبہ نے شرکت کی۔ اسسٹنٹ پروفیسر اسلامیات ڈاکٹر حبیب الرحمان نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔

تقریب کے اختتام پر مہمانانِ خصوصی کو شیلڈز پیش کی گئیں۔ یونیورسٹی کی ہم نصابی سرگرمیوں کی پروفیشنل کوریج پر پہل ڈیجیٹل نیوز کو یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے تعریفی سرٹیفکیٹ دیا گیا، جو پہل کے پروڈیوسر عبدالوہاب اسلم نے وفاقی وزیر سے وصول کیا۔ شعبہ کامرس اور انٹرنیشنل ریلیشنز کے طلبہ کو انتظامی امور میں تعاون پر شیلڈز بھی دی گئیں۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا